منڈگوڈ:4/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)ہرسال جنگلی ہاتھیوں کا جھنڈ تعلقہ کے مختلف کھیتوں اورباغوں میں گھس کر نقصان پہنچانا عام ہوتاجارہاہے۔ اس مرتبہ بھی پچھلے چار پانچ دنوں سے تعلقہ کے مئینلی، شڈلگونڈی،گونجاوتی،اوگنی کیری دیہات میں جنگلی ہاتھیوں کا جھنڈ الگ الگ کھیتوں اور باغوں پر دھاوا بول کر فصل کو برباد کئےجانے کا واقعہ پیش آنے سے کسان حیران وپریشان ہیں۔
بتایاجارہاہے کہ جنگلی ہاتھیوں کا جھنڈ کروتی کے راستے سے گنجاوتی ، مئنلی ، چوڈلی ، سللی، کلکیری ، کیاتنلی، ہنوماپور سے ہوتے ہوئے اونی کیری ، گوٹگوڈکوپا ، ملگی ، کولگی علاقہ میں غذا کی تلاش میں بنواسی تک پہنچ کر واپس ڈانڈیلی کے جنگل میں چلے جاتے ہیں۔ متعلقہ ہاتھیوں کا جھنڈ ایک ماہ تک دیہی علاقے کے جنگل میں بسیرا کرتے ہوئے دھان کے کھیتوں اور باغات کو نقصان پہنچانے سے کسان کچھ بھی سوچنے سے قاصر ہیں۔ دن میں گھنے جنگل کے اندر بسیرا کرنے کے بعد شام ہوتے ہی ہاتھی کسانوں کے کھیتوں پر دھاواشرو ع کرتے ہیں، دھان، کپاس، جوار کی فصلوں کو برباد کرتے ہیں،ایک مرتبہ ہاتھیوں کا جھنڈ کھیتوں میں گھس جاتاہے تو کم سے کم ایک ایکڑ فصل کو برباد کرتے ہیں اور لاکھوں روپیوں کا نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس بار بھی بارش کم ہونےسے دھان اور کپاس کی فصل کم ہوئی ہے کھیتی پر خرچ ہوئی رقم بھی اگر مل جائے تو کسانوں کے لئے کافی ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ ہرسال کی ہراسانی سے تنگ آکر کسانوں سے محکمہ فاریسٹ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا مستقل حل نکالیں۔